’’ عمران خان کو چاہیئے تھا کہ ۔۔۔۔‘‘ملکی سیاسی صورتحال پر شاہد آفریدی نے بھی خاموشی توڑ دی

Advertisements

کراچی(نیوز ڈیسک )سابق کرکٹر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ عمران خان کو سڑکوں کی بجائے ایوان میں رہ کر مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہیے تھا۔نجی ٹی وی سماء نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کا اندازہ تو اچھی طرح تھا کہ جب میں شہباز شریف کو وزیراعظم بننے پر مبارک باد دوں گا تو مجھے کیا جواب
ملے گا۔انہوں نے کہا کہ میں نے کسی پارٹی کو مبارک باد نہیں دی بلکہ میں نے اپنے ملک کے وزیراعظم کو مبارکباد دی ہے۔اور اگر میں اپنے وزیراعظم کو عزت نہیں دوں گا توباہر کے لوگ کیسے دیں گے؟ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر وزیراعظم سے امید رکھتے ہیں کہ وہ پاکستان کی بہتری کے لیے کام کرےلیکن جو بھی اپوزیشن میں ہوتا ہے اس کے کوئی نہ کوئی مسئلے ہی ہوتے ہیں۔شاہد آفریدی نے کہا کہ شہباز شریف کو اللہ تعالیٰ نے بڑا اچھا موقع دیا ہے اور ان پر بڑی بھاری ذمہ داری ہے۔میں بطور ایڈمنسٹریٹر ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔جو اچھا کام کرے گا میں اس کے ساتھ ہوں گا اور جو اچھا کام کرے ہمیں چاہیے کہ اس کو موٹیویٹ کریں۔سابق کرکٹر نے نئی حکومت سے مطالبہ کیا ہےکہ 70سال سے زراعت کے شعبے کو نظر انداز کیا گیا ہے اس لیے موجودہ حکومت اس پر توجہ دے کیونکہ ہم زیادہ تر چیزیں باہر سے امپورٹ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی زمین بڑی زرخیز ہے بس وہاں پر پانی کا مسئلہ جو کہ اگر حل ہو جائے تو ہم زراعت میں کم بیک کرسکتے ہیں۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کوئی بھی آئین اور قانون سے اوپر نہیں ہے۔شہباز شریف بھی آئین کی وجہ سے وزیراعظم بنے ہیں۔ہمیں آرمی کی طرح عدالتوں سمیت باقی اداروں کو بھی مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کو خوابوں میں دیکھتا تھااور ان کی طرح کا بننا چاہتا تھا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا نظریہ ایک لیڈرکا نظریہ تھا۔لیڈر خود کام نہیں کرتا وہ صرف نظریہ پیش کرتا ہے۔لالہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سڑکوں کی بجائے پارلیمنٹ میں آنا چاہیے تھا۔وہ ایوان میں رہ کربہت مضبوط اپوزیشن کر سکتے تھے۔

Leave a Comment