کچرا چننے والی خواتین کا طریقہ واردات بے نقاب :

Advertisements

لاہور (ویب ڈیسک) بچپن سے ہمیں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان خواتین کے گھرانوں کے مرد نکمے ہوتے ہیں۔مختلف علتوں کے عادی ہیں اور ان کی خواتین ہی بازاروں اور محلوں میں گڈوی بجاتی یا کوڑا کرکٹ جمع کرکے اسے کباڑیوں کے ہاتھ بیچ کر گھرچلانے کا بندوبست کرتی ہیں۔ نامور کالم نگار نصرت جاوید اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔
ان میں سے چند چوری چکاری کی بھی عادی ہیں۔انہیں گھروں میں گھسنے نہیں دینا چاہیے۔مردوں کو خاص طورپر ان سے احتیاط برتنا چاہیے کیونکہ وہ اکثر انہیں برے کاموں کو اُکساتی ہیں۔ اپنی کاوش میں ناکام ہوجائیں تو دراز دستی کے الزام لگاتے ہوئے مردوں کو بدنام کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔فیصل آباد کے جن لوگوں سے رابطہ ہوا وہ سب میرے جیسے مرد تھے۔میری طرح ان کے ذہنوں میں بھی بچپن سے اوڈھ خواتین کے بارے میں مذکورہ بالا تعصبات جاگزیں کئے ہوں گے۔وہ یکسوہوکر مصر رہے کہ مختلف گروہوں کی صورت گزشتہ کئی دنوں سے ایسی خواتین فیصل آباد اور چنیوٹ کے بازاروں میں گھوم رہی ہیں۔وہ زبردستی دوکانوں میں گھس آتی ہیں۔دوکان دار کو ان میں کوئی ایک لچھے دار گفتگو سے لبھانے کی کوشش کرتی ہے۔اس کی توجہ بٹ جائے تو دیگر خواتین سٹال میں لگی چند اشیاء کو اچک لینے کی کوشش کرتی ہیں۔دوکاندار ان کی حرکت دیکھ لے تو اس پر غلط کاری کا الزام لگانے ولا شور مچانا شروع ہوجاتی ہیں۔ اسلام آباد میں بیٹھے ہم دو صحافیوں سے گفتگو کرنے والے بضد رہے کہ سوشل میڈیا پر فیصل آباد کے ایک بازار میں مبینہ طورپر زبردستی بے لباس کی گئی خواتین کا تعلق بھی ایسے ہی کسی گروہ سے ہے۔میں یہ الزام تسلیم کرنے کو ہرگز تیار ہوں کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی وڈیو میں نظر آنے والی خواتین چوری چکاری کے عادی گروہ کا حصہ ہوں گی۔ ایسی خواتین کی نشان دہی کے بعد مگر پولیس کو اطلاع دے کر انہیں گرفتار بھی تو کروایا جاسکتا تھا۔
انہیں دوکان دار کی جانب سے ازخود سبق سکھانے کی کوشش مگر لازماََ ہوتی نظر آئی ہے۔ جو وڈیو میں نے دیکھی ہے اس میں ایک مرد بلکہ پہلے سے بے لباس ہوئی ایک کم عمر خاتون پر ڈالی چادر کو نفرت سے کھینچتا ہوا نظر آیا۔قانون کو دوکان داروں کے گروہ نے یقینا اپنے ہاتھ میں لیا۔ازخود سبق سکھانے کا فیصلہ کیا۔فیصل آباد پولیس نے مذکورہ واقعہ کی ایف آئی آردرج کرلی ہے۔اس کے بعد چند گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔میری اطلاع کے مطابق اس شہر کے ایک سینئرپولیس افسر تفتیش کی ذاتی نگرانی کررہے ہیں۔نام ان کا عمران محمود ہے اور پویس سے رابطے میں رہنے والے رپورٹر انہیں نیک نام پروفیشنل بتارہے ہیں۔ میں ان کی جانب سے ہوئی تفتیش پر اعتبار کرنے کو ترجیح دو ں گا۔سوشل میڈیا پر تاہم ’’عورت کارڈ‘‘ کھیلنے والے ان پاکستانیوں کا جو لادین مغرب کے سہولت کار بھی تصور ہوتے ہیں مکوٹھپنے کے لئے 20سے 30سال کے درمیان والی عمر کے محبان وطن متحرک ہوچکے ہیں۔فیصل آباد میں ہوئے واقعہ کی مبینہ طورپر مکمل وڈیو انہوں نے مختلف سی سی ٹی وی کیمروں پر ریکارڈ ہوئی حرکات کو جمع اور ایڈٹ کرکے تیار کرلی ہے۔اسے دکھاتے ہوئے
دہائی مچائی جارہی ہے کہ پاکستان کو خواتین پر ظلم کی ایک اور کہانی گھڑے ہوئے بدنام کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔ہمیں اس سے گمراہ نہیں ہونا چاہیے۔ان نوجوانوں کے گراں قدر خیالات سنتے ہوئے مجھے امریکہ کا سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ یاد آگیا۔وہ ڈھٹائی سے مصر رہا تھاکہ امریکہ میں تمام جرائم کی وجہ غیر ملکوں سے آئے پناہ گزین ہیں۔فرانس میں بھی ان دنوں زیمور نام کا ایک سابق صحافی اور ناول نگار نفرت آمیز پیغام پھیلاتے ہوئے اس ملک کا صدر منتخب ہوناچاہ رہا ہے۔وہ ڈھٹائی سے اصرار کرتا ہے کہ فرانس میں جرائم سے متعلق تمام تر جرائم فقط اس ملک میں افریقہ اور عرب ملکوں سے آئے مسلمانوں کے ہاتھوں سرزد ہوتے ہیں۔امریکہ میں ہر سیاہ فام کوو ہاں کا نسل پرست جرائم پیشہ شمار کرتا ہے۔فرانس کے نسل پرستوں کو عرب اور مسلمان جرائم کی مجسم علامت نظر آتے ہیں۔ہمارے ہاں ویسے ہی خیالات اوڈھ خواتین کے بارے میں نسلوں سے موجود ہیں۔ہم مگر اس کا اعتراف کرنے کی جرأت نہیں دکھا پائیں گے۔

Leave a Comment